عالمی خبریں

’پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششیں نازک مرحلے میں‘، جنگ بندی تجاویز کے بعد ایرانی سفیر کا بیان

اپریل 7, 2026

’پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششیں نازک مرحلے میں‘، جنگ بندی تجاویز کے بعد ایرانی سفیر کا بیان

پاکستان میں ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ ’جنگ روکنے کے لیے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششیں اہم اور نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔‘

منگل کی دوپہر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایکس پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ’جنگ کو روکنے کے لیے نیک نیتی اور ثالثی کے تحت پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششیں ایک اہم اور نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔‘

پاکستان اس وقت مصر اور ترکیہ کے ساتھ مل کر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے ایک ثالث کے طور پر کرداد ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ان کے ملک نے جنگ کو ختم کرنے کے لیے پاکستان کو امن تجاویز پیش کی ہیں-

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے بھی تصدیق کی تھی کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ جاری جنگ کو ’مستقل بنیادوں پر ختم کرنے‘ کے مقصد سے پاکستان کو امن تجاویز پیش کی ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وفد نے امریکی تجاویز کے جواب میں اپنی سفارشات پیش کر دی ہیں-

ایرانی قیادت نے لگ بھگ دو ہفتوں تک جنگ بندی کی تجاویز پر مشاورت کی اور تفصیلی جائزے کے بعد ان کو حتمی شکل دی گئی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو بدھ کی صبح تک جواب دینے کی مہلت دے رکھی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو ایران کے بجلی گھروں اور پُلوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی نے بھی بدھ کو ایرانی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ٹرین کے ذریعے سفر نہ کریں‌ جس کا مطلب ہے کہ ریلوے کے نظام کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے