عالمی خبریں

یہودیوں کو قتل کرنے کی سازش، پاکستانی شہری شاہ زیب نے امریکی عدالت میں‌ جرم قبول کر لیا

اپریل 9, 2026

یہودیوں کو قتل کرنے کی سازش، پاکستانی شہری شاہ زیب نے امریکی عدالت میں‌ جرم قبول کر لیا

امریکہ میں یہودیوں کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری شاہ زیب خان (شاہ زیب جدون) نے عدالت میں اپنا جرم تسلیم کر لیا ہے-

جمعرات کو امریکہ کے محکمہ انصاف نے اعلان کیا کہ محمد شاہ زیب خان، جنہیں ‘شاہزیب جدون’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے دہشت گرد حملہ کرنے کی کوشش کرنے، امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے، اور بروکلن، نیو یارک میں ایک معروف یہودی مرکز پر خودکار ہتھیاروں سے بڑے پیمانے پر فائرنگ کرنے کی کوشش کرنے کا جرم قبول کر لیا ہے-

بیان کے مطابق شاہزیب خان نے امریکی ڈسٹرکٹ جج پال جی۔ گاردفے کے سامنے جرم قبول کیا اور انہیں سزا سنانے کے لیے 12 اگست 2026 کا دن مقرر کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق پاکستانی شہری کو کینیڈا کے صوبے کیوبک سے گرفتار کیا گیا تھا- ڈیڑھ برس قبل گرفتاری کے وقت پاکستانی شہری کی شناخت شاہزیب جدون کے نام سے ظاہر کی گئی، جس کی عمر اُس وقت 20 سال تھی-

اُن پر الزام ہے کہ وہ بروکلین میں یہودی سینٹر میں خود کار اور نیم خود کار ہتھیاروں کے ذریعے قتل عام کا منصوبہ بنا رہے تھے،اس مقصد کے لیے اسے داعش کی حمایت بھی حاصل تھی۔

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملزم کینیڈا سے نیویارک آ رہا تھا، ملزم نے امریکی سرحد کے قریب پہنچنے تک اپنے سفر کے دوران 3 مرتبہ گاڑی بھی تبدیل کی۔

کینیڈین حکام کا مؤقف تھا کہ شاہ زیب جدون کو 4 ستمبر کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، اسے امریکی ریاست نیویارک کی سرحد سے 12 میل کے فاصلے پر اورسمٹاؤن کے مقام سے حراست میں لیا گیا۔

امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور کینیڈا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فوری اقدام کی وجہ سے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

ملزم کی گرفتاری کے وقت ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے بتایا تھا کہ اسرائیل پر حماس کے حملے کے ایک سال بعد ملزم شاہ زیب امریکا میں یہودیوں کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا، شاہ زیب نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ اور امریکا میں مقیم داعش کا ایک حامی حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

ایف بی آئی حکام کے مطابق شاہ زیب نے اپنے ممکنہ حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسرائیل پر 7 اکتوبر 2023 کو ہونے والے حملے کی برسی پر یا یہودیوں کے یومِ کپور پر 11 اکتوبر کو حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے