پاکستان

ٹریفک پولیس کی اتفاقیہ کارروائی، لاہور سے اغوا دو کم عمر لڑکیاں شیخوپورہ سے بازیاب

اپریل 24, 2026

ٹریفک پولیس کی اتفاقیہ کارروائی، لاہور سے اغوا دو کم عمر لڑکیاں شیخوپورہ سے بازیاب

ضلع لاہور سے اغوا کی گئیں دو کم عمر لڑکیاں اتفاقی طور پر ضلع شیخوپورہ میں ٹریفک پولیس اہلکار کی وجہ سے بازیاب ہو گئیں-

ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس شیخوپورہ کے دفتر سے جمعرات کی شب جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’آج شام ٹریفک وارڈن ثاقب اور کانسٹیبل نعیم بتی چوک بسلسلہ ٹریفک کنٹرول موجود تھے کہ ایک موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ روکنے کا اشارہ کیا جس کے ساتھ دو بچیاں مناہل اور حفضہ سوار تھی جو بچیوں کو لاہور سے اغوا کر کے لا رہا تھا-

بیان میں‌ مزید کہا گیا کہ ’ٹریفک پولیس کے افسران کو دیکھتے ہی بچیوں کو اتار کر فرار ہو گیا، انچارج سٹی تنویرالحسن نے مجھے آگاہ کیا۔ میں فوری موقع پر پہنچا اور متعلقہ مقامی پولیس کو موقع پر بلایا گیا-‘

شیخوپورہ ٹریفک پولیس کے بیان کے مطابق ’معلوم ہوا کہ دونوں بچیوں کے لا پتہ ہونے کی FIR نمبری 349/26 زیر دفعہ 363 PPC تھانہ ہڈیارہ ضلع لاہور میں درج ہے دونوں بچیوں کو SHO بی ڈویژن انسپکٹر قمر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ لاہور پولیس سے رابطہ ہو چکا ہے وہ بچیوں کو اپنی تحویل میں لینے کے لیے شیخوپورہ کے لیے روانہ ہیں-‘

اس سے قبل دونوں کم عمر لڑکیوں کے اغوا کا مقدمہ منگل کی شام لاہور کے تھانہ ہڈیارہ میں‌ درج کیا گیا تھا-

ایف آئی آر درج کراتے ہوئے مدعی محمد سرور ولد خوشی محمد قوم مغل سکنہ ہڈیارہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ محنت مزدوری کرتے ہیں۔ ’اور مورخہ 21/04/2026 بوقت قریب 4 بجے، شام میری بیٹی حفظہ جس کی عمر تقریباً 10 سال ہے اور اس کی سہیلی مناہل ولد ذیشان قوم ورک سکنہ کالاشاہ کاکو ڈاکخانہ ریانپورہ تحصیل فیروز والا ضلع شیخوپورہ، حال مقیم ہڈیارہ نزد آرائیاں والا قبرستان، عمر تقریباً 13 سال، کو کھیلنے کے لیے لے کر گئی۔ جب کافی وقت گزر گیا تو میں نے مناہل کے گھر والوں سے پوچھا کہ میری بیٹی آپ کے گھر آئی تھی تو مسمات ماریہ بی بی زوجہ ذیشان نے بتلایا کہ اُن کی بیٹی بھی لاپتہ ہے جو انہوں نے مل کر کافی تلاش کی مگر مل نہ سکی۔ ہمیں قوی شک ہے کہ کسی نامعلوم نے دونوں کو اغوا کر لیا ہے۔ مقدمہ درج کر کے دونوں لڑکیوں کو برآمد کروایا جائے۔‘

ایف آئی آر درج کرنے کے بعد پولیس نے لکھا کہ ’آج مورخہ 22.04.26 بوقت 2:05 بجے، تھانہ ہڈیارہ میں درخواست موصول ہوئی جو مضمون درخواست حالات و واقعات سے درست صورتِ جرم 363 ثابت پائی گئی۔ اصل تحریر درخواست، بغرض اندراج مقدمہ، حوالے محرر ہوئی، مقدمہ درج رجسٹر کر کے تفتیش والے شعبہ INV ونگ کی جائے۔ اس وقت کمرہ تفتیش میں موجود ہوں۔ حسبِ آمد تحریر درخواست، مقدمہ درجِ رجسٹر کر کے اصل تحریر درخواست، بضد تفتیش، بدمست محرر عقب انچارج انویسٹی گیشن ونگ ارسال ہے۔ جناب SHO صاحب کو مقدمہ ہذا کی بابت مطلع کیا گیا ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے