مذاکرات کے لیے اسلام آباد میں کون سی شاہراہیں بند ہیں اور متبادل راستے کیا ہیں؟
پاکستان کے دارالحکومت کو رواں اختتام ہفتہ بھی مذاکرات کی وجہ سے بھاری ٹریفک کے داخلے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بند رکھا گیا ہے-
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آج سنیچر کے روز بھی ریڈزون اور توسیعی ریڈزون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں ہر قسم کی میٹرو سروس معطل ہے جبکہ سکیورٹی اقدامات کے تحت تمام ہائیکنگ ٹریلز بھی بدستور بند ہیں۔
اسلام آباد کی جانب راستے بند ہیں جبکہ دیگر تمام موٹرویز کھلی ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ کئی روز سے امن مذاکرات کے لیے سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مارگلہ روڈ فیصل چوک سے ٹریل تھری تک ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے کشمیر چوک، کلب روڈ سے زیرو پوائنٹ تک بند ہے۔
ایکسپریس وے کورال سے زیرو پوائنٹ تک وی آئی پی موومنٹس کے دوران ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
مختلف اوقات میں سری نگر ہائی وے پر بھی ٹریفک روکی جا سکتی ہے۔ کسی بھی سمت یا کسی بھی ہائی وے سے اسلام آباد میں داخل ہونے والی ہر قسم کی بھاری ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔
G5، G6 اور G7، F6، F7 کے رہائشی مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے کے لیے 9th ایونیو استعمال کریں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے والی ٹریفک کو 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
پارک روڈ اور کلب روڈ کی بندش کی صورت میں ٹریفک کو ترنمی چوک کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق جڑواں شہروں میں ہیوی ٹریفک کے داخلے کی اجازت نہیں۔ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد میں داخلے پر ون لین ٹریفک کے باعث ٹریفک جام کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ایرانی حکام پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہیں تاہم تہران کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست بات چیت کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ہے۔
دوسری جانب امریکی مذاکرات کار بھی دارالحکومت اسلام آباد آنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

