ایرانی وزیر خارجہ اسلام آباد سے واپس روانہ، پاکستانی وزیراعظم کا بیان جاری
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی پاکستان سے واپس چلے گئے ہیں اور ان سے ملاقات کے بعد پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کیا ہے-
پاکستان کے وزیراعظم کے بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’موجودہ علاقائی صورتحال پر نہایت گرمجوشی سے اور خوشگوار انداز میں تبادلہ خیال ہوا۔ ہم نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی، جن میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا بھی شامل تھا۔‘
قبل ازیں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عباس عراقچی کے درمیان ملاقات ’تقریباً دو گھنٹے‘ جاری رہی۔
پاکستان کے وزیر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں ’وزیراعظم نے خطے اور اس سے آگے امن و استحکام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔‘
ادھر ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد سے روانہ ہو گئے ہیں۔
سنیچر کی شام پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے موٹر کاروں کے ایک قافلے کی تصاویر بھی جاری کیں، جن کے بارے میں کہا گیا کہ یہ قافلہ ممکنہ طور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی واپس روانہ ہونے کا تھا۔
دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق پاکستانی حکام کو توقع ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عباس عراقچی اسلام آباد سے روانہ ہونے کے بعد اس وقت عمان کے دارالحکومت مسقط کی جانب سفر کر رہے ہیں۔
اسلام آباد کے دورے پر آئے ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر اعظم اور فوج کے سربراہ سے ملاقاتیں کیں-
ایران نے ان ملاقاتوں کو دو طرفہ بات چیت قرار دیا تاہم یہ واضح ہے کہ ان کا تعلق حالیہ جنگ سے ہے، جس میں پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورے کے بعد کسی قسم کی پیش رفت ہو گی؟، اس حوالے سے اتاحال کچھ واضح نہیں۔
اگر امریکی وفد مذاکرات کے لیے آئندہ چند گھنٹوں میں واشنگٹن سے روانہ ہوتا ہے تب بھی وہ اتوار کو اسلام آباد پہنچ سکے گا۔
ایرانی وفد نے پاکستان کے بعد عمان اور روس جانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران آمنے سامنے بات چیت چاہتا ہے، جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ براہ راست ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں۔

