عالمی خبریں

امریکی صدر کی تقریب میں‌ فائرنگ کرنے والا مشتبہ حملہ آور کون تھا؟

اپریل 26, 2026

امریکی صدر کی تقریب میں‌ فائرنگ کرنے والا مشتبہ حملہ آور کون تھا؟

امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل میں وائٹ ہاؤس کے صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے منعقدہ عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

فائرنگ کے وقت تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سمیت متعدد امریکی اعلیٰ حکام موجود تھے۔

صدر ٹرمپ نے دو تصاویر جاری کیں جن میں ایک نیم برہنہ شخص کو زمین پر ہاتھ پیچھے باندھے ہوئے دکھایا گیا ہے جسے مبینہ حملہ آور قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت 31 سالہ کول تھامس ایلن کے طور پر ہوئی ہے جو کیلیفورنیا کے شہر ٹورنز کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

واشنگٹن ڈی سی کے پولیس چیف جیفری سی کارول نے بتایا ہے کہ وہ اسی ہوٹل میں بطور مہمان رہائش پذیر تھا جہاں یہ تقریب جاری تھی اور تفتیش کے سلسلے میں اس کے کمرے کو سیل کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا میں مشتبہ شخص کے اپارٹمنٹ پر بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے پہنچ چکے ہیں۔

واشنگٹن ڈی سی کی میئر نے بتایا کہ مشتبہ شخص کو قریبی ہسپتال میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور وہ پولیس حراست میں ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام سربراہ جیفری کیرول سے جب مشتبہ شخص کی جانب سے اس حملے کی نیت اور محرک کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ بات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی کہ مشتبہ شخص نے حملہ کیوں کیا۔

انھوں نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور اس سے قبل میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مطلوب نہیں تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے