امریکہ کی اسرائیل اور عرب اتحادیوں کو آٹھ ارب 60 کروڑ ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری
امریکہ نے اسرائیل اور اپنے عرب اتحادیوں کو آٹھ ارب 60 کروڑ ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے-
امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادی ممالک کو مجموعی طور پر آٹھ اعشاریہ چھ ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ جب امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جھڑپوں کے بعد جنگ بندی کو تین ہفتوں سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔
جن ممالک کو یہ اسلحہ فراہم کیا جائے گا، ان میں اسرائیل، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
فیصلے کے تحت قطر کو پیٹریاٹ ایئر اینڈ میزائل ڈیفنس سسٹم کی فراہمی اور اس سے متعلق معاونت فراہم کی جائے گی، جن کی مجموعی مالیت چار ارب ڈالر سے زائد ہے۔
اس کے علاوہ ایڈوانسڈ پریسیژن کِل ویپن سسٹمز کی فروخت بھی منظور کی گئی ہے، جن کی مالیت 992 اعشاریہ چار ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔
کویت کو دو اعشاریہ پانچ ارب ڈالر مالیت کا انٹیگریٹڈ بیٹل کمانڈ سسٹم فراہم کرنے جبکہ اسرائیل کو 992 ملین ڈالر سے زائد کے ایڈوانسڈ پریسیژن کِل ویپن سسٹمز کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے متحدہ عرب امارات کو بھی یہی نظام فروخت کرنے کی منظوری دی ہے، جس کی مالیت147 ملین ڈالر سے زائد ہے۔