اہم خبریں

انڈیا اور افغانستان سے پاکستان کے اندر دہشتگردی جاری ہے: پاکستانی آرمی چیف

مئی 10, 2026

انڈیا اور افغانستان سے پاکستان کے اندر دہشتگردی جاری ہے: پاکستانی آرمی چیف

پاکستان کی افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مستقبل کی جنگوں میں جدید ٹکنالوجی بشمول سائبر وارفیئر اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اہم کردار ادا کریں گی۔

اتوار کی صبح ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا، ’مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں جدید ٹکنالوجی بشمول سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر، ڈرونز، لان رینج ویکٹرز اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اہم ترین کردار ادا کریں گی۔‘

ان کا کہنا ہے کہ اس تناظر میں پاکستان میں ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹر قائم کر دیا گیا ہے، خلائی پروگرام کو وسعت دی جا رہی ہے اور آرمی راکٹ فورس کمانڈ بھی قائم کی جا چکی ہے۔

’پاکستانی فضائیہ کے لیے جدید ترین جنگی جہازوں کا حصول اور فتح میزائل سیریز اسی تسلسل کی چند ایک مثالیں ہیں۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ انڈیا کی ساتھ لڑائی میں فتح کا پاکستان کی خارجہ پالیسی سفارتی اہمیت پر بھی مثبت اثر پڑا ہے۔

فیلڈ مارشل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنی موثر، ذمہ دارانہ اور غیر جانب دار سفارتکاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔

پاکستان کی ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا، ’اقوام عالم نے جنگ بندی کرانے اور فریقین کو مذاکرات کے ذریعے خطے اور دنیا کو ہولناک تباہی سے بچانے کی پاکستانی کوششوں کو سراہا ہے۔‘

’ہم ایران اور امریکہ بالخصوص صدر ٹرمپ کے انتہائی مشکور ہیں جنھوں نے اس مشکل کام کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا۔‘

انھوں نے الزام لگایا کہ انڈیا اور افغانستان سے پاکستان کے اندر دہشتگردی جاری ہے۔

’افغانستان سے پاکستان کا صرف ایک مطالبہ ہے کہ وہ انڈیا کی ایما پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی پشت پناہی بند کرے اور اپنی سرزمین پر دہشتگردی کے مراکز اور آماجگاہوں کا مکمل خاتمہ کرے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے