منفی پروپیگنڈے سے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے والی قوتیں ناکام ہوں گی: فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور فوجی اہلکاروں سے کوئٹہ میں ملاقات کی اور موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج عوام کی حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے ہر روپ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انھوں نے کہا کہ ’پاکستان کی ترقی کو پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی سرگرمیوں کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کی پیشرفت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والی قوتیں ریاست کے استحکام اور عوام کے اتحاد کے سامنے ناکام ہوں گی۔‘
فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے دورے کے دوران زیر تربیت افسران اور اساتذہ سے خطاب کیا اور اس دوران جدید جنگ کی بدلتی نوعیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھرتی ٹیکنالوجیز، کثیر جہتی آپریشنز اور تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کو سمجھنا ضروری ہے۔‘
انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو اور اپنے دستوں کو مسلسل تربیت دیتے رہیں تاکہ بدلتے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
بلوچستان کے حوالے سے انھوں نے پائیدار امن اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ترقی کا انحصار عوامی فلاح، بہتر پالیسیوں اور طرز حکمرانی پر ہے جو سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنے چاہییں۔‘
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے صوبے میں تعینات اہلکاروں کے مورال، آپریشنل تیاری اور خدمات کو بھی سراہا۔

