ملک کے جنوبی حصے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 19 افراد ہلاک: لبنان
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق ملک کے جنوبی حصے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 19 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود حزب اللہ اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
لبنان کی وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ضلع طائر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 10 افراد ہلاک ہوئے، جن میں تین بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ ایک بچے سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔‘
وزارت کے مطابق دیگر اضلاع میں حملوں کے دوران ایک خاتون سمیت نو افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے کہا کہ اس کے جنگجو جنوبی لبنان میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف ہیں۔
لبنانی حکام کے مطابق دو مارچ سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں تین ہزار سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور لبنان نے 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ جنگ بندی کی شرائط میں ابتدائی طور پر 10 روزہ جنگ بندی کا ذکر تھا اور کہا گیا تھا کہ مذاکرات میں پیش رفت کی صورت میں اس میں مزید توسیع بھی ہو سکتی ہے۔
امریکہ محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں اسرائیل اور لبنان کی جنگ بندی کے متعدد نکات میں یہ شرط موجود تھی کہ کسی بھی منصوبہ بندی کے تحت یا فوری حملے کی صورت میں ’اسرائیل کے دفاع کا حق‘ برقرار رکھا جائے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ یہ جنگ بندی اسرائیل کی جانب سے ’خیر سگالی کا مثبت اشارہ‘ اور ’اچھی نیت‘ کے ساتھ ایک مستقل اور دیرپا امن معاہدے کی کوششوں کا سلسلہ ہے۔

