ایران جنگ کے باعث انڈین روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر
مشرق وسطیٰ میں جنگ کی صورت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے انڈیا کی کرنسی کو بری طرح متاثر کیا ہے-
جمعرات کو انڈیا کے وزیرِ تجارت نے اعلان کیا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت مالیاتی منڈیوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
پیوش گوئل نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور متعدد اقدامات زیرِ غور ہیں۔ عالمی حالات اس وقت انتہائی چیلنجنگ ہیں۔‘
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈین روپیہ حالیہ دنوں میں بارہا اپنی تاریخ کی کم ترین سطح تک گر چکا ہے۔
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے آغاز کے بعد سے روپے کی قدر میں چھ فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ بتائی جا رہی ہے۔