اہم خبریں

اداکارہ مومنہ اقبال کے ہرساں‌ کرنے کے الزامات پر ن لیگی ایم پی اے کی طلبی

مئی 21, 2026

اداکارہ مومنہ اقبال کے ہرساں‌ کرنے کے الزامات پر ن لیگی ایم پی اے کی طلبی

اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں اپنے، اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئے جہاں‌ مومنہ اقبال کی جانب سے شواہد جمع کرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے-

اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ن لیگی ایم پی اے کی جانب سے انھیں اور ان کے خاندان کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر مختلف محکموں میں شکایات درج کرا چکی ہیں، تاہم ملزم کے خلاف کارروائی کے بجائے ان کی شکایت کو دبایا جا رہا ہے۔

تفتیشی ایجنسی نے اداکارہ مومنہ اقبال اور چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کو لاہور دفتر میں طلب کیا تھا-

اداکارہ کی درخواست میں ثاقب چدھڑ کے ساتھ ان کی اہلیہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ’وزیراعلی مریم نواز نے مومنہ اقبال کیس کا سختی سے نوٹس لیا ہے، اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کی فیملی کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’وزیراعلیٰ مریم نواز کے لیے خواتین ریڈ لائن ہیں، ان کی ہراسانی یا ذہنی اور تشدد بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

پیشی کے بعد مومنہ اقبال کے وکلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ اداکارہ کی شادی طے ہونے کے بعد خراب ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم پی اے اداکارہ سے شادی کے خواہاں تھے اور اس سلسلے میں رشتہ بھی بھجوایا گیا تھا۔

وکلا کے مطابق دونوں کے درمیان 2022-23 کے دوران تعلقات رہے، تاہم بعد میں مومنہ اقبال کو معلوم ہوا کہ ایم پی اے پہلے سے شادی شدہ ہیں اور وہ تیسری شادی کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر اداکارہ نے تعلق ختم کر دیا اور ان کی شادی کہیں اور طے ہو گئی، جس کی تقریب آئندہ جون میں متوقع ہے۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ مومنہ اقبال کا رشتہ طے ہونے کے بعد ایم پی اے نے انھیں ہراساں کرنا شروع کیا اور اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اداکارہ کے ہونے والے شوہر کے خلاف ایک بے بنیاد مقدمہ بھی درج کروایا۔

وکلا کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی شادی کی تیاریوں میں مصروف افراد کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے، تاہم شادی طے شدہ تاریخ پر ہی ہوگی۔ ان کے مطابق تمام شواہد متعلقہ حکام کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ انھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انھوں نے معاملے کا نوٹس لیا اور سکیورٹی فراہم کی۔

دوسری جانب این سی سی آئی اے کے دفتر میں پیشی سے قبل ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں علی اشفاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر غیر مناسب مواد اپ لوڈ کیے جانے کے حوالے سے نوٹس موصول ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ثاقب چدھڑ کے خلاف لگائے گئے الزامات کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ہی مؤقف دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہراساں کیے جانے کے الزامات زیرِ گردش ہیں، تاہم این سی سی آئی اے ایسے معاملات کے لیے موزوں فورم نہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر سوشل میڈیا پر کوئی غیر قانونی مواد شائع کیا گیا ہے تو اس حوالے سے معلومات حاصل کر کے قانونی کارروائی میں حصہ لیا جائے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے