اہم خبریں

روس سے سکیورٹی معاہدہ پاکستان کو حملوں سے باز رکھنے کے لیے: افغان وزیر دفاع

مئی 31, 2026

روس سے سکیورٹی معاہدہ پاکستان کو حملوں سے باز رکھنے کے لیے: افغان وزیر دفاع

افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر دفاع ملا محمد یعقوب مجاہد نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کو مستقبل میں افغان سرزمین پر فضائی حملے کرنے سے باز رکھا جائے۔

روسی دارالحکومت ماسکو کے دورے سے واپسی پر کابل ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد ملا یعقوب نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’آپ نے دیکھا کہ چند ماہ قبل وہ (پاکستان) افغانستان کے ہر حصے میں بمباری کرنے کی جرات رکھتے تھے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ مستقبل قریب میں دوبارہ ایسا کرنے کی جرات نہ کرے۔‘

ملا یعقوب رواں ہفتے منگل کے روز ایک بین الاقوامی سکیورٹی فورم میں شرکت کے لیے ماسکو پہنچے تھے، جس میں تقریباً 100 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ملا یعقوب نے روس کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کے بارے میں واضح کیا کہ یہ صرف روسی فوجی سازوسامان اور ہتھیاروں کی دیکھ بھال کا معاہدہ ہے جو اس وقت افغانستان کے پاس ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’یہ فوجی تکنیکی معاہدہ ہے جس کو ان معاملات کے ماہرین سمجھتے ہیں۔ یہ کوئی دفاعی یا سکیورٹی معاہدہ نہیں، جس سے کسی کو تشویش ہونی چاہیے۔ یہ صرف اور صرف افغانستان کے فائدے کے لیے ہو گا۔‘

طالبان حکومت کے وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’فوجی شعبے میں زیادہ تر روسی ٹیکنالوجی موجود ہے۔ ہیلی کاپٹروں، آلات اور ہتھیاروں کی مختلف شعبوں میں مرمت اور ترقی کی ضرورت ہے۔ ہم اس شعبے میں ان ممالک کے ساتھ معاہدے کرنے پر مجبور ہیں جن کی اپنی پیداواری سہولیات ہیں۔ ساتھ ہی ہم نے روس کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے تاکہ ہم یہاں موجود ہتھیاروں کا بہتر استعمال کر سکیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے