اسلام آباد میں ریس لگاتی لینڈ کروزر نے 8 شہری کُچل دیے، چار ہلاک
اسلام آباد کے تھانہ بہارہ کہو میں ٹریفک حادثے کا مقدمہ کیا گیا ہے جس کے مطابق مری سے آنے والی لینڈ کروزر نے دوسری گاڑی سے ریس لگائی اور سڑک کنارے کھڑے افراد کو کُچل دیا۔
حادثے کا مقدمہ مارے جانے والے نوجوانوں عامر کے چچا صدرو ولد محمد بخش سومرو کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق مدعی صدرو نے بتایا کہ وہ بھارہ کہو میں پھلگران سوسائٹی کے رہائشی ہیں اور اُن کو رات ساڑھے گیارہ بجے حادثے کی اطلاع ملی تو رشتہ داروں کے ہمراہ پمز ہسپتال پہنچے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی کو معلوم ہوا کہ لینڈ کروزر اور ایکوا گاڑی کے درمیان ریس لگی تھی، اور غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے لینڈ کروزر کے ڈرائیور نے سڑک کنارے کھڑے افراد کو کچل ڈالا۔
متن مقدمہ کے مطابق مدعی نے بتایا کہ اُن کے
بھتیجے عامر سمیت چار افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوئے۔
دوسری جانب عینی شاہدین نے بتایا کہ سنیچر کو رات گئے کو انتہائی المناک اور ہولناک ٹریفک حادثے میں اٹھال چوک کے قریب دو تیز رفتار کاریں ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے۔
مقامی نیوز چینل کے مطابق ایک سینیئر پولیس اہلکار نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس کی زد میں آ کر چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو افراد شدید طور پر زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والے افراد میں سے دو کی شناخت فضل اور عامر کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر دو مقتولین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حادثے کے فوری بعد مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ضروری طبی امداد کی فراہمی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کاروں اور موٹر سائیکل کے مابین ہونے والے اس خوفناک تصادم کی اصل وجہ جاننے کے لیے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

