پاکستان

اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں‌ آندھی اور طوفانی بارش کے باعث حادثات

جون 3, 2026

اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں‌ آندھی اور طوفانی بارش کے باعث حادثات

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، صوبہ خیبرپختونخوا اورصوبہ پنجاب کے بعض علاقوں میں گزشتہ رات آندھی، طوفانی بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے باعث حادثات ہوئے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والی اتھارٹی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے دو تا چھ جون پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو تا چھ جون ن لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

اتھارٹی کے مطابق دو تا پانچ جون خیبر پختونخوامیں جاری بارشوں اور پگھلتے گلیشئیرز کے باعث لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں اضافہ ہو گا جس کے سبب چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورکے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

خیبرپختونخوا کی ہنگامی امداد کی اتھارٹی جانب سے گزشتہ روز کی آندھی اور بارش کے باعث گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق آسمانی بجلی اور گھروں کی دیواریں گرنے سے دو افراد ہلاک جبکہ 31 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور بنوں میں پیش آئے۔

تیز ہواؤں کے باعث ضلع بنوں کے مختلف علاقوں میں عمارتوں اور دیواروں کے گرنے کے تین واقعات پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوئے۔
ضلع بنوں میں جاری خراب موسم کے باعث اب تک 20 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

مردان میں شیرگڑھ شگو ناکہ کے مقام پر ایک پٹرول پمپ کے سائن بورڈ پر لگا فلیکس بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے باعث آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا کر اسے فیول سٹیشن تک پھیلنے سے روک دیا۔

چھت گرنے سے چھ بچے ہلاک

خیبر پختونخوا میں امدادی ادارے ریسکیو 1122 کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے علاقے کوزہ الپوری، رحیم آباد میں ایک گھر کا کمرہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمرے کے ملبے تلے سات بچے دب گئے تھے۔

ریسکیو 1122 شانگلہ کی ٹیمیوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے بچوں نکال لیا۔ اس حادثے میں چھ بچے ہلاک گئے جبکہ ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا-

اسلام آباد میں‌ گاڑی پر درخت گرنے سے ڈرائیور زخمی

اسلام آباد سیکٹر جی ٹین تھری ابن سینا روڈ پر حادثہ تیز ہواؤں کے باعث درخت گاڑی پر گرگیا جس سے ایک شخص امجد اعجاز زخمی ہو گیا جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق درخت اور گاڑی کو سڑک سے ہٹا دیا گیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے