بلوچستان میں کارروائی، پاکستانی فوج کا چھ مبینہ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں تین اور چار جون کو سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں چھ مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق ’خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی میں انڈیا سے منسلک گروہ ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
فوج کے ترجمان شعبے کے مطابق ’اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے علاقے میں مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے تھے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور ایک گاڑی بھی برآمد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان کے مطابق ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

