اسلام آباد میں نجی نیوز چینل سے منسلک نوجوان صحافی لاپتہ، پولیس کو درخواست
اسلام آباد پولیس کو نجی ٹی وی چینل جی این این سے منسلک صحافی کے لاپتہ ہونے کی درخواست دی گئی ہے-
جی این این نیوز کی جانب سے تھانہ آبپارہ پولیس کو باضابطہ درخواست چینل کے ایڈمن افسر کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ صحافی یاسر ایاز خان پانچ جون کی شام تقریباً پانچ بجے اپنے گھر سے نکلے تھے، اور کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
درخواست میں پولیس کو بتایا گیا ہے کہ اہلِخانہ اور چینل انتظامیہ کی جانب سے صحافی سے رابطہ کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں لیکن کوئی کامیابی نہیں ہو سکی۔
ایڈمن افسر کے مطابق لاپتہ ہونے والے نوجوان صحافی کے موبائل فون بند ہیں، اور یہ صورتحال اہلخانہ اور چینل انتظامیہ کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ صحافی کے اچانک لاپتہ ہونے سے میڈیا سے وابستہ افراد میں بھی بے چینی بڑھ رہی ہے۔
چینل اتنظامیہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صحافی کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
درخواست میں عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس یاسر ایاز خان کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ ان تک جلد رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
تھانہ آبپارہ پولیس کے مطابق اس واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور افسران مانسہرہ کے گاؤں بٹل میں مقیم یاسر ایاز خان کے گھر والوں سے بھی رابطے میں ہیں۔

