’شواہد والوں نے ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا‘، فیصل راٹھور کی مظاہرین کو مذاکرات کی دعوت
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیرِ اعظم فیصل راٹھور نے کہا ہے کہ وہ کوئی ایسا راستہ تلاش کر رہے ہیں کہ افہام و تفہیم سے مسئلہ حل ہو، کیونکہ ریاست کو ہرا کر جوائنٹ ایکشن کمیٹی والے بھی جیت نہیں سکتے-
ان کا کہنا تھا کہ اگر ریاست جیت بھی جائے تو انسانی جانوں کے ضیاع کے بدلے حاصل ہونے والی جیت کو، میں جیت تصور نہیں کروں گا۔
مختلف میڈیا چینلز کو انٹرویو کے دوران وزیراعظم فیصل راٹھور نے بتایا کہ وہ اپنی حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دیے جانے کے بعد بھی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے بات کرنے کو تیار ہیں-
پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں صورتحال کشیدہ ہے اور اس کا سبب حال ہی میں کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے درمیان گذشتہ رات ضلع راولا کوٹ میں سی ایم ایچ کے سامنے ہونے والی پُرتشدد جھڑپیں ہیں۔
کشمیر میں پولیس کے مطابق ان جھڑپوں کے نتیجے میں کشمیر پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے چار اہلکار اور تین مظاہرین ہلاک ہوئے ہیں۔

