اہم خبریں

کینیڈا سے جاری کیا جانے والا پاکستان کا فری ٹورسٹ ویزا ختم، ہائی کمیشن خاموش

جون 11, 2026

کینیڈا سے جاری کیا جانے والا پاکستان کا فری ٹورسٹ ویزا ختم، ہائی کمیشن خاموش

سہیل طارق، کینیڈا

کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن نے ٹورسٹ ویزا کی سپیشل کیٹگری ختم کر دی ہے۔ یہ ویزا سیاحوں کو بغیر کسی فیس کے 72 گھنٹے کے اندر جاری کیا جاتا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن نے یہ فیصلہ اس ویزے کے غلط استعمال کی رپورٹس ملنے کے بعد کیا ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ افغان شہری اس ویزے کا غلط استعمال کر رہے تھے۔

پاکستان جانے والے سیاح اس ویزا کو روایتی درخواست کے تقاضے پورے کیے بغیر آسانی سے حاصل کر سکتے تھے لیکن رپورٹس موصول ہوئی تھیں کہ افغان شہریوں کی بڑی تعداد اس کو استعمال کر رہی ہے۔

پاکستانی ہائی کمیشن نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ یہ پابندی کب تک رہے گی اور کب دوبارہ یہ ویزا سروس شروع کی جائے گی یا پھر یہ پابندی مستقل طور پر لگا دی گئی ہے۔

پاکستانی معیشت اس وقت مشکلات کا شکار ہے اور ماہرین کے مطابق پاکستان کو اس وقت زرمبادلہ کمانے کے لیے سیاحت میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ویزا کی سہولت ختم کیے جانے کے حوالے سے تبصرے کے لیے اس نمائندے نے اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا تاہم ابھی تک جواب نہیں دیا گیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے