راولاکوٹ میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنے پر کریک ڈاؤن، فائرنگ اور شیلنگ کے الزامات
پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کی انتظامیہ نے راولاکوٹ کے قریب دریک عیدگاہ میں مقامی شہرہوں کی تحریک کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے علاقہ خالی کروانے کا دعویٰ کیا ہے۔
مظاہرین کی جانب سے شیلنگ اور فائرنگ کےالزامات لگائے گئے ہیں-
مقامی صحافیوں کے مطابق اتوار کو علی الصبح راولا کوٹ کے علاقے دریک عیدگاہ کے مقام پر کالعدم تنظیم جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کے خلاف آپریشن کرکے علاقہ خالی کروایا گیا۔
حکام نے بتایا ہے کہ اس آپریشن کے دوران ایک شخص کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ مقامی افراد دو اموات کا دعوی کر رہے ہیں۔
حکام نے الزام عائد کیا کہ مظاہرین کی جانب سے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ کی گئی جبکہ اہلکاروں نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین پر فائرنگ نہیں کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آزاد پتن کے مقام پر مظاہرین اب بھی موجود ہیں جن کی تعداد 500 سے بھی کم ہے۔