’خوبصورتی میں فرشتہ اور قاتل‘، صدر ٹرمپ کی انڈین وزیراعظم کی تعریف
امریکی کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی غیرمحتاط گفتگو اور جو دل یا منہ میں آئے کہہ دینے کے لیے مشہور یا بدنام ہیں-
صدر ٹرمپ کی روزمرہ گفتگو عموما صحافیوں کے ساتھ سوال جواب میں سامنے آتی ہے-
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے فرانس میں جی سیون اجلاس کے موقع پر ہونے والی گفتگو اس کی تازہ مثال ہے جو میڈیا میں شہ سرخیوں کی زینت ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس کے ویڈیو کلپ وائرل ہیں-
دونوں رہنماؤں نے میڈیا کے سامنے لگ بھگ 20 منٹ کی گفتگو کی جبکہ اس سے قبل دونوں ملکوں کے سربراہوں نے وفود کی سطح پر بات چیت کی۔
اس ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے نریندر مودی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ ان کو دیکھیں یہ دیکھنے میں بہت ہی خوبصورت لگتے ہیں۔ یہ فرشتے لگتے ہیں لیکن یہ بہت مشکل آدمی ہیں۔ یہ بہت مشکل مذاکرات کار ہیں، یہ کلر ہیں۔ یہ آپ کو حیران کر سکتے ہیں۔‘
انڈیا اور امریکہ کے تعلقات میں صدر ٹرمپ کے دوبارہ برسراقتدار آنے کے بعد سردمہری تھی مگر فرانس کے شہر ایویان میں صدر ٹرمپ اور وزیراعظم مودی کی ملاقات کے بعد میڈیا کے سامنے دونوں رہنماؤں کی ایک دوسرے کی تعریف اور صدر ٹرمپ کے انڈیا کے دورے کے عندیے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے-
انڈین وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ’تجارت، توانائی، دفاع، ٹیکنالوجی اور عوام سے عوام کے تعلقات میں اپنے دوطرفہ تعاون میں پائیدار پیشرفت کا جائزہ لیا۔‘

