بلوچستان میں اغوا کیے گئے ایئرپورٹ سکیورٹی افسر کی تشدد زدہ لاش برآمد
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں پولیس حکام نے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد وسیم کی تشدد زدہ لاش برآمد ہونے کی تصدیق کی ہے۔
محمد وسیم کو 20 مئی کو مسلح افراد نے ضلع قلات سے اغوا کیا تھا۔ بعد ازاں کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
قلات پولیس کے سربراہ زاہد شاہ نے محمد وسیم کی تشدد زدہ لاش کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی لاش کوئٹہ-کراچی شاہراہ کے قریب ایک ویران علاقے میں پھینکی گئی تھی۔
زاہد شاہ کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی تقاضے پورا کرنے کے بعد اے ایس ایف کے افسر کی لاش کو گذشتہ روز کراچی روانہ کر دیا گیا۔
محمد وسیم افغانستان اور وزیرستان سے متصل بلوچستان کے سرحدی ضلع ژوب میں واقع ایئرپورٹ پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
وہ ژوب سے کوئٹہ پہنچے تھے جہاں سے وہ 20 مئی کو ایک پرائیویٹ گاڑی میں کراچی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
انھیں قلات کے علاقے محمد تاوہ سے مسلح افراد نے اغوا کیا تھا۔
قلات بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جنوب مغرب میں 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
قلات کا شمار بلوچستان کے شورش سے متاثرہ علاقوں میں ہوتا ہے۔

