آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں مسلمانوں کی عبادت گاہ کو نذرِآتش کرنے کی کوشش
آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں مسلمانوں کی ایک عبادت گاہ کومبینہ نذر آتش کیے جانے کے بعد پولیس نے 40 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔
واقعہ پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تقریباً 3:35 بجے ٹالبوٹ سٹریٹ پر واقع المدینہ ہال میں پیش آیا تھا، واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
تفتیش کے لیے گرفتار کیے گئے شخص کو ڈبلن کے شمالی شہر کے علاقے میں واقع ایک پولیس سٹیشن میں رکھا گیا ہے۔
آئرش پولیس کی جانب سے آگ لگنے کے اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق آگ سے پراپرٹی کو نقصان پہنچا، تاہم اس پر پر ڈبلن فائر بریگیڈ نے قابو پا لیا ہے۔
آئرش نشریاتی ادارے آر ٹی ای کے مطابق پولیس ایک واضح تفتیشی زاویے پر کام کر رہی ہے اور اسے یہ نہیں لگتا کہ اس حملے کا تعلق نسل پرستی یا انتہائی دائیں بازو کے عناصر سے ہے۔
پولیس نے واقعے سے متعلق معلومات یا اس کی ویڈیو فوٹیج رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ تحقیقات میں مدد فراہم کریں۔

