عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو، سکائی سپورٹس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کیسے اُس کی ’اوقات‘ میں رکھا؟
لارڈز میں کھیل کے پہلے دن کھانے کے وقفے کے دوران پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ‘سکائی سپورٹس’ کو باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔
کرکٹ کی خبروں کی سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے اس معاملے پر احتجاجاً وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کو میدان میں نہ اتارنے کے آپشن پر بھی غور کیا تھا۔
یہ انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور سکائی سپورٹس کے براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے کیا تھا، جس میں عمران خان کے بیٹوں، سلیمان اور قاسم خان نے اپنے والد کی صحت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا—جو گزشتہ تین سال سے قید میں ہیں—اور کہا کہ انہیں ان کی جان کو خطرہ محسوس ہوتا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی نے لنچ بریک سے قبل ہی سکائی سپورٹس سے رابطہ کر کے اس نشریاتی حصے (سیگمنٹ) پر احتجاج کیا تھا اور دھمکی دی تھی کہ اگر اسے نشر کیا گیا تو کھلاڑی کھانے کے وقفے کے بعد میدان میں واپس نہیں آئیں گے۔
اس بات چیت کے دوران اسکائی اسپورٹس نے انٹرویو نشر کرنے میں تاخیر کی، تاہم بالآخر 18 منٹ کا یہ کلپ نشر کر دیا۔ جب یہ کلپ ختم ہوا، تب تک پاکستانی کھلاڑی دوپہر 2:40 بجے کھیل کے دوسرے سیشن کے آغاز کے لیے میدان میں واپس جانے کی تیاری کر رہے تھے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین پی سی بی کے رویے پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں- بعض صارفین نے پوچھا ہے کہ ایک سپورٹس چینل پر کسی انٹرویو کی وجہ سے کسی میچ کا آدھے میں بائیکاٹ کیسے کیا جا سکتا ہے؟
عمران خان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور اس کے چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ سکائی نیوز نے پی سی بی کو اُس کی اوقات میں رکھا ہے-

