’18 مقدمات میں مطلوب اور تین سال سے روپوش‘ حماد اظہر کی گرفتاری کی تصدیق
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کو گرفتار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اشتہاری مجرم تھے اور پولیس کو 18 مقدمات میں مطلوب تھے۔
لاہور پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے بیان میں کہا گیا ہے کہ حماد اظہر گذشتہ تین سال سے روپوش تھے اور اب انھیں مجاز عدالت میں پیش کر کے اُن کا تفتیش کی غرض سے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف نے اتوار کے روز دعویٰ کیا تھا پولیس نے حماد اظہر کو گرفتار کر لیا ہے، پی ٹی آئی نے اس اقدام کو ’سیاسی انتقام‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔
تاہم پی ٹی آئی کے ان ابتدائی دعوؤں پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انھیں حماد اظہر کی گرفتاری کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اتوار کے روز دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کے رہنما حماد اظہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس اقدام کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی گئی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر پر نو مئی 2023 کو ہونے والے پرتشدد ہنگاموں کے علاوہ دیگر معاملات میں کئی مقدمات درج ہیں۔

