اہم

یمن میں‌ حوثیوں نے 14 اسلامی ملکوں کی فوج کو پیچھے دھکیل دیا، فوجی اڈے اور جزیرے پر کنٹرول کا دعویٰ

ستمبر 11, 2026

یمن میں‌ حوثیوں نے 14 اسلامی ملکوں کی فوج کو پیچھے دھکیل دیا، فوجی اڈے اور جزیرے پر کنٹرول کا دعویٰ

یمن کے حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں‌ نے سعودی عرب کی سربراہی میں‌ 14 ملکوں کی فوج کو پیچھے دھکیلتے ہوئے باب المندب کے قریب العمری فوجی اڈے اور جزیرہ زقر کاکنٹرول سنبھال لیا ہے-

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق یمن کی حوثی تحریک (انصار اللہ) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجو آبنائے باب المندب پر نظر رکھنے والے اہم فوجی مرکز العمری گیرژن کا مکمل کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔

حوثیوں کے مطابق ان کی بحری فورسز نے بحیرۂ احمر میں واقع اہم جزیرہ زقر پر بھی مکمل کنٹرول قائم کر لیا ہے اور جزیرے کو مخالف افواج سے خالی کرا لیا گیا ہے۔

باب المندب دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے، جو بحیرۂ احمر کو خلیجِ عدن اور بحرِ ہند سے ملاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس علاقے میں کسی بھی فریق کی عسکری پیش قدمی عالمی تجارت اور بحری نقل و حمل کے لیے اہم نتائج مرتب کر سکتی ہے۔

حوثیوں کے دعوے پر یمن کی حکومت یا سعودی حمایت یافتہ فورسز کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ تاہم حالیہ دنوں میں مغربی یمن کے ساحلی علاقوں میں شدید لڑائی اور حوثیوں کی پیش قدمی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں یمن کی جنگ کی حالیہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ملک کی فوجی ناکہ بندی ختم کرنے اور سیاسی مذاکرات بحال کرنے پر زور دیا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے (ارنا) کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ایران مسلم دنیا کے مشترکہ مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات پر زور دیتا ہے کہ خطے کو درپیش چیلنجز کا حل فوجی کارروائیوں میں نہیں بلکہ مذاکرات اور سیاسی عمل میں ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مغربی ایشیا اس وقت ایسے حالات سے گزر رہا ہے جہاں تنازعات اور کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، لہٰذا فریقین کو پرامن حل کی جانب پیش رفت کرنی چاہیے۔

بیان کے آخر میں ایرانی وزارتِ خارجہ نے متفقہ روڈ میپ کی بنیاد پر فوری طور پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے اور اس پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تہران اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی فورسز کی جانب سے یمن کے اہم ساحلی علاقوں میں پیش قدمی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق حوثیوں نے بندرگاہی شہر موخا (مخا) کے اطراف میں پیش رفت کرتے ہوئے سعودی حمایت یافتہ یمنی سرکاری افواج کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے