نوازشریف نیب طلب
Reading Time: < 1 minuteنیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کیسز میں الگ الگ ضمنی ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ضمنی ریفرنسز میں بیان ریکارڈ کرنے کیلئے نوازشریف کو نیب راولپنڈی نے طلبی کا نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔سپریم کورٹ سے نااہلی اور عدالتوں میں پیشیاں بھگتنے کے بعد نواز شریف کے خلاف یکے بعد دیگرے ریفرنس دائر ہو رہے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کے خلاف دائر العزیزیہ اسٹیل اور فیلگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں ضمنی ریفرنسز تیار کیے جارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ان ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا جس کیلئے سابق وزیراعظم کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹس میں نوازشریف کو نیب راولپنڈی کے دفترمیں آکر بیان ریکارڈ کرانے کا کہا گیا ہے۔یہ ریفرنسز نیب راولپنڈی میں تعینات ہونے والے ڈی جی عرفان نعیم منگی کی نگرانی میں تیار کیے جارہے ہیں۔ عرفان نعیم منگی پاناما کیس کی جے آئی ٹی میں نیب کی نمائندگی کرچکے ہیں اور وہ جے آئی ٹی کے اہم رکن کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔