جرمنی: ٹرک ڈرائیور پاکستانی شہری قرار
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کرسمس کی خریداری کے لیے لگی ایک مارکیٹ میں ٹرک کے ٹکرانے والے ڈرائیورکے بارے میں افغان یا پاکستانی شہریت کا پناہ گزین ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ بات جرمنی کی خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔ ٹرک حملے میں گزشتہ روز12 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئےتھے جبکہ پولیس اس کی تحقیقات دہشت گردی کے حوالے سے کر رہی ہے۔ دوسری جانب جرمنی کے اخبار ڈی ویلٹ نے ٹرک ڈرائیور کو پاکستانی شہری قرار دیا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کی عمر 23 سال ہے اور اس کا نام ’نوید بی‘ ہے۔ اخبار نے مزید کہا ہے کہ ’نوید بی‘ پاکستان میں یکم جنوری 1993 میں پیدا ہوئے۔ اخبار کے مطابق جرمن سپیشل فورسز نے برلن کے ٹیمپل ہوف ایئر پورٹ کے ہینگرکی تلاشی لی ہے جہاں مشتبہ حملہ آور پناہ گزین کیمپ میں رہتا تھا، وہ فروری میں اس علاقے میں آیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس ٹرک کی نمبر پلیٹ پولینڈ کی تھی اور اس کی مالک پولینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک ڈلیوری سروس کمپنی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور ٹرک ڈرائیور حراست میں ہے جبکہ اس کا ساتھی مارا گیا ہے۔