انڈیا کو 333 رنز سے شکست
Reading Time: < 1 minuteپہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 333 رنز سے شکست دے دی ہے۔ انڈیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 107 رنز ہی بنا سکی۔ انڈیا کے بلے باز آسٹریلوی بالر سٹیون جان اوکیف کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ سٹیون جان اوکیف نے میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔ اوکیف نے دوسری اننگز میں صرف 34 رنز کے عوض انڈیا کے چھ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اوکیف کے علاوہ نتھین لیون نے دوسری اننگز میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کی پوری ٹیم انڈیا کے خلاف دوسری اننگز میں 285 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان سٹیون سمتھ اور مچل مارش نے 143 رنز چار کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ تیسرے دن کےکھیل کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 56 رنز کا اضافہ کیا۔ آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے دوسری اننگز میں 11 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس سے پہلے انڈیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم دوسرے دن کے آغاز میں ہی پہلی اننگز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔