مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی
پانامہ فیصلے پر عمل درآمد کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے، سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر واجد ضیاءجے آئی ٹی کے سربراہ ہوںگے، تحقیقاتی ٹیم کے دیگر ارکان میں سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کے بلال رسول، اسٹیٹ بنک کے عامرعزیز، قومی احتساب بیورو کے عرفان نعیم منگی، آئی ایس آئی کے بریگیڈئر محمد نعمان سعید اور ملٹری انٹیلی جنس کے بریگیڈئر کامران خورشید شامل ہیں۔عدالتی حکم نامے میں کہاگیاہے کہ تحقیقاتی ٹیم کا دفتر وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں قائم ہوگا جبکہ وفاقی حکومت ابتدائی طور پر جے آئی ٹی کو دوکروڑ روپے جاری کرے، عدالت نے کہاہے کہ کوئی بھی شخص کسی بھی مرحلے پر جے آئی ٹی سے تعاون سے انکار کرے تو سپریم کورٹ کو فوری آگاہ کیاجائے تاکہ مناسب کارروائی کی جاسکے۔ عدالتی حکم کے مطابق جے آئی ٹی اپنی پہلی عبوری رپورٹ 22مئی کو پیش کرے جبکہ حتمی رپورٹ پانامہ فیصلے کے مطابق ساٹھ دن میں پیش کی جانی ہے۔

