پاکستان

کابینہ میں 43 وزرا – وزرائے مملکت

اگست 4, 2017

کابینہ میں 43 وزرا – وزرائے مملکت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی وفاقی کابینہ میں وزیر خارجہ کا اہم عہدہ خواجہ آصف کو سونپا ہےجبکہ وزارت داخلہ کی ذمہ داری احسن اقبال کو سونپی ہے۔ نئی وفاقی کابینہ میں 43 وزرا اور وزرائے مملکت شامل ہیں اور اکثریت پرانے چہروں کی ہے۔

وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں جمعے کی صبح ہوئی۔ صدر ممنون حسین نے وزرا سے ان کے عہدوں کاحلف لیا جس کے بعد کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

وزرائے مملکت میں مریم اورنگزیب، عابد شیر علی، طلال چوہدری، انوشہ، رحمان اور طارق فضل چوہدری شامل ہیں۔ نئے چہروں میں پانامہ مقدمے میں وزیر اعظم کا بھرپور اور منہ توڑ قسم کا دفاع کرنے والے فیصل آباد سے طلال چوہدری، ناروال سے دانیال عزیز خان، جنوبی پنجاب سے رحیم یار خان سے ارشد لغاری اور ٹوبہ ٹیگ سنگھ سے جنید انور شامہ ہیں۔

خرم دستگیر بطور وزیرِ کامرس کافی متحرک اور موثر وزیر ثابت ہوئے تھے اب وفاقی وزیر دفاع ہیں۔ سابق وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کو وزارت داخلہ کا اہم منصب دیا گیا ہے۔ اپنی چار سالہ سابق وزارت میں انھوں نے پاکستان چین راہداری منصوبے پر کافی کام کیا۔

ان دو اہم وزارتوں میں آنے والی تبدیلی سے محسوس ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ دس ماہ میں ان دونوں پر اب اپنی گرفت مضبوط کرکے قائدانہ کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان اہم تبدیلیوں سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کابینہ محض پچاس روز کے لیے نہیں بلکہ شاید پانچ سالہ مدت کا باقی ماندہ عرصہ مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

 

 

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے