پاکستان

ضلع پنجگور کے علاقوں میں چار برس سے انٹرنیٹ بند ہے، پارلیمان کی کمیٹی میں دُہائی

مئی 26, 2025

ضلع پنجگور کے علاقوں میں چار برس سے انٹرنیٹ بند ہے، پارلیمان کی کمیٹی میں دُہائی

پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس امین الحق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اجلاس کو جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ 22مارچ کو پنجگور میں انٹرنیٹ سروس کے حوالے سے سیکورٹی اداورں کو مراسلہ لکھا تھا۔ ہمیں لکھا گیا کہ سیکورٹی ایشوز ہیں۔

علاقے سے رکن قومی اسمبلی پولین بلوچ نے بتایا کہ گزشتہ چار سال سے ہمیں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں، ہمیں انٹرنیٹ کے لیے 10 کلو میٹر دور شہر میں جا کر سروس ملتی ہے۔

پولین بلوچ کا کہنا تھا کہ تین سال میں اگر یہ سہولت میسر نہیں تو پھر ہمارا انٹر نیٹ کا حق ہے یا نہیں یہ بھی بتا دیں۔

پولین بلوچ نے کہا کہ پالیسوں پر نظرثانی نہیں کریں گے تو مسائل بڑھیں گے، جس طرح کی سزا اس علاقے کو دی جا رہی ہے یہ درست نہیں۔ اگر انٹرنیٹ سروس سکیورٹی رسک ہے تو ہمیں پی ٹی سی ایل کی سروس تو دیں۔

آئی ٹی کمیٹی میں تجویز دی گئی کہ پولین بلوچ کی الگ سے سیکرٹری داخلہ اور سیکورٹی محکموں کے حکام سے الگ میٹنگ کروا دی جائے۔

جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ اِن کیمرہ اگر میٹنگ کر لیں تو ہم بریف کر دیں گے۔

سیکرٹری وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ آپٹک فائبر کی سروسز یونیورسٹی آف پنجگور تک پہنچ گئی ہیں۔

چئیرمین آئی ٹی کمیٹی نے کہا کہ بڑے پیمانے پر انڈیا کی فنڈنگ سے دہشت گردی ہو رہی ہے، بچوں کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں، آئی ڈی کارڈ چیک کر کے بسوں سے اتار کر قتل کرنا ہم اس سب کی مذمت کرتے ہیں۔

چئیرمین کمیٹی امین الحق نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹو جی انٹرنیٹ بحال کیا گیا ہے یہ سروسز بحال رہنی چاہیے۔ پی ٹی سی ایل کی ٹیوننگ بھی کریں۔

رُکن قومی اسمبلی عادل بازئی نے پوچھا کہ کیا نیٹ بند ہونے سے حالات ٹھیک ہوئے ہیں، سیکرٹری صاحب بتا دیں وہ کیا انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں، میں اس حق میں نہیں ہوں کہ نیٹ بند کیا جائے آن لائن کلاسز ہو رہی ہیں۔

سیکرٹری آئی ٹی نے کہا کہ سکیورٹی محکموں کے پاس تفصیلات ہیں کہ دہشت گرد انٹرنیٹ بھی استعمال کرتے ہیں۔

چئیرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ این اے 258کے متعلق ان کیمرہ میٹنگ کر کے تفصیل بتائیں انٹرنیٹ کیوں بند ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے