تین بڑی خبروں میں سے
Reading Time: < 1 minuteپوری دنیا کے ذرائع ابلاغ میں اس وقت تین خبریں تسلسل کے ساتھ ایک ہفتے ٹاپ پر ہیں_ ان میں پہلی امریکی طوفان کی جس نے ٹیکساس کو تباہ کیا، دوسری شمالی کوریا کے فسادی بونوں کی جنہوں نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو تنگ کر رکھا ہے جبکہ تیسری خبر برما میانمار کے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی ہے جس نے اسلامی ممالک کی حکومتوں کو شہریوں کے احتجاج کی وجہ سے پریشان کر دیا ہے _
اس صورتحال میں قطر کے ٹی وی چینل الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ قطری حکومت نے امریکی ریاست میں طوفان سے تباہی کے بعد بحالی کے کاموں کے لیے تیس ملین ڈالر کی رقم بطور عطیہ دی ہے_ ایسے وقت میں جبکہ قطر کو پڑوسی ممالک کے مقاطعے کا سامنا ہے یہ امریکہ سے سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش شمار کی جا رہی ہے، مگر اس کے ساتھ ہی دوسری خبر یہ ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے بدترین حالات کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے ان کی جان بچانے کے لیے فوری امداد کی اپیل کی ہے تاکہ بنگلہ دیش کی سرحد پر پڑے ہزاروں افراد کے سروں پر ٹینٹ مہیا کر کے ان تک کھانا پہنچایا جا سکے_ تاحال ترکی کے علاوہ کسی اسلامی ملک نے روہنگیا کے لیے امدادی سامان نہیں بھیجا _ فاطمہ بھٹو نے یو این ایچ سی آر کی اپیل کو ٹوئٹر پر شئیر کیا ہے جس میں ادارے کی ویب سائٹ کا لنک دیا گیا ہے_