اہم عمارت میں آگ کیسے لگی
Reading Time: 2 minutesاسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع عوامی مرکز عمارت میں آگ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے، اہم سرکاری اداروں کا ریکارڈ جل کر راکھ ہوگیا۔ دو مختلف اداروں کی جانب سے آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے_
اتوار کی صبح اسلام آباد عوامی مرکز میں لگنے والی آگ پر چار گھنٹوں کے بعد قابو پالیا گیا، ابتدائی طور پر ریسکیو ذرائع کے مطابق گراونڈ فلور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی جو پھیلتی ہوئی چوتھی منزل تک پہنچ گئی، آگ سے بچنے کیلئے دو افراد علی رضا اور اعجاز نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگائی جنہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم علی رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، دوسری جانب آگ میں پھنسے وقار علی کو ریسکیو آپریشن کے دوران نکالا گیا جو ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا جبکہ اعجاز کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق اگ لگنے سے وفاقی محتسب، صنعت و پیداوار سمیت دیگر اداروں کے دفاتر مکمل جل گئے جس سے اہم سرکاری ریکارڈ جلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، پولیس حکام کے مطابق آگ کی وجہ اور نقصان تخمینہ لگانے کیلئے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو نمائندہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے _
دوسری جانب وزارت صنعت و پیداوار نے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لئیے آٹھ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے، انکوائری کمیٹی میں وزارت صنعت و پیداوار،وزارت داخلہ،پاور ڈویژن کے افسران شامل ہیں، انکوائری کمیٹی میں وفاقی ٹیکس محتسب ، نیسپاک،آیسکو ، ایک نجی کمپنی کے ممبر کو بھی شامل کیا گیا ہے، کمیٹی کو تکنیکی معاونت کے لئیے ماہرین کی خدمات لینے کا اختیار بھی دے دیا گیا، انکوائری کمیٹی آگ لگنے کی وجہ،نقصان کا تخمینہ اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لے گی _