افغانستان میں بھارتی موجودگی ناقابل قبول
Reading Time: < 1 minuteپاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان سے زیادہ افغانستان میں امن کو کوئی خواہشمند نہیں ہو سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ افغانستان میں گذشتہ 16 برسوں سے جاری جنگ کے بعد بھی امن نہیں ہوا ہے اور ‘کابل کی حکومت، اتحادی افواج اور نہ ہی افغان طالبان ایک دوسرے پر عسکری حل مسلط کر سکے ہیں۔’
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ’افغانستان میں مذاکرات ہی سے امن آ سکتا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ‘پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانستان کے فوری اور حقیقی اہداف میں اپنی سرفہرست اپنی سرزمین پر بشمول طالبان سمیت شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ اور جماعت الاحرار کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہے۔ اور سہ فریقی یا چار فریقی اجلاسوں میں کابل کی حکومت اور افغان طالبان کے مابین مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن آ سکتا ہے۔‘
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد وزیراعظم نے نیویارک میں پریس کانفرنس میں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے لیے افغانستان میں انڈیا کا کردار ہرگز قابلِ قبول نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردی نہیں کروا رہا بلکہ ‘پاکستان جن عناصر سے لڑ رہا ہے اُن کی تمام قیادت افغانستان میں ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان اپنے معاملات کو خود حل کرے لیکن پاکستان افغانستان کے مسائل کے حل میں معاون کا کردار ادا کرتا رہے گا۔