رینجرز پارلیمنٹ کی سیکورٹی سے واپس
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد کے ریڈ زون میں تعینات رینجرز اہلکاروں کے واپس ایف سکس سیکٹر میں اپنے یونٹ میں جانے کی اطلاعات ہیں، اس حوالے سے اطلاع آئی ہے کہ رینجرز اہلکار پارلیمنٹ کی سیکیورٹی سے اچانک واپس ہو گئے ہیں، سیکورٹی حکام کے مطابق سول انتظامیہ اور پولیس کی مدد کے لیے چالیس سے پچاس رینجرز اہل کار پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تعنیات تھے تاہم کہا جا رہا ہے کہ رینجر ز اہلکار کسی کو بتائے بغیر واپس چلے گئے، قومی اسمبلی اور اسپیکر کے دفتر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی سیکیورٹی سے رینجرز کو ہٹائے جانے کا ہمیں علم نہیں، پارلیمنٹ کی سیکورٹی کے لیے اسپیکر سے کبھی کسی ادارے نے رابطہ نہیں کیا، پارلیمنٹ کی سیکورٹی پولیس کے ذمے ہے، رینجرز کے واپس جانے سے متعلق پولیس سے پوچھا جائے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی اور پارلیمنٹ کی سیکورٹی کے انچارج جمیل ہاشمی نے کہا ہے کہ رینجرز کو بوقت ضرورت پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کے لیے بلایا جاتا ہے۔۔ایس ایس پی سیکیورٹی پارلیمنٹ جمیل ہاشمی کے مطابق تین دنوں سے رینجرز کی ضرورت نہیں پڑی اس لیے نہیں بلایا۔۔جمیل ہاشمی کا کہنا تھا کہ ریڈزون کی سیکیورٹی کے لیے انسداد دہشت گردی فورس کے اپنے پانچ سو اہل کار تعنیات ہیں۔