نواز شریف داماد سے ناراض
Reading Time: 2 minutesسابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ھے کہ ” میں اس امر کا دو ٹوک اور غیر مبہم اعلان ضروری خیال کرتا ھوں کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مسلمہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام اقلیتوں کو جان و مال سمیت ھر نوع کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ھے۔ اس حوالے سے کسی طرح کا منفی اظہار خیال مسلم لیگ ن کے نظرئیے اور پالیسی سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔
نواز شریف نے کہا کہ مجھے پاکستان کے عوام نے تین بار ملک کا وزیراعظم چنا۔ تینوں بار میں نے ذاتی طور پر اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے زبان ، رنگ ، نسل ، مذھب ، عقیدے یا کسی بھی دوسری تمیز و تفریق کے بغیر پاکستان کے عوام کی خدمت کی اور اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا ۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جماعت ھونے کا اعزاز حاصل ھے۔ بابائے قوم نے پاکستان کے تمام طبقوں خصوصا” اقلیتوں کو جس کامل مذہبی اور سماجی آزادی کی ضمانت دی تھی، اسے یقینی بنانا اب ایک آئینی تقاضا ھے جس سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
نواز شریف نے کہا کہ میں اس امر کا واضح اظہار بھی ضروری سمجھتا ھوں کہ محسن انسانیت حضرت محمد (ص) کی ختم نبوت پر مکمل اور غیر متزلزل ایمان جزو اسلام ھے۔ یہ ھمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بھی بن چکا ھے۔ یہ معاملہ اب ھمیشہ کے لئے طے ھو چکا ھے۔ بہتر ھو گا کہ اس کی حساسیت کو مد نظر رکھا جائے اور سیاسی آلا ئشوں سے بھی پاک رھنے دیا جائے۔ اس حوالے سے انتخابی بل میں ھونے والی غلطی ، کوتاھی یا لغزش کا فوری ازالہ کر دیا گیا ھے جس کے لئے میں تمام پارلیمانی جماعتوں کا شکر گزار ھوں۔
جاری کردہ آصف کرمانی، سینٹر مسلم لیگ ن