ریفرنسز اکٹھا کرنے کی درخواست مسترد
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کو اکٹھا کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مختصر فیصلہ سنایا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ پاناما لیکس سے متعلق اپنے 28 جولائی کے فیصلے میں نہ صرف سابق وزیر اعظم کو نااہل قرار دے چکی ہے بلکہ اس نے قومی احتساب بیورو کو نواز شریف اور اُن کے بچوں کے خلاف تین ریفرنسز دائر کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔ گذشتہ ماہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نااہل قرار دیے جانے والے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست پر اعتراضات کے خلاف اپیل کو اپنے چیمبر میں سماعت کے بعد مسترد کر دیا تھا۔
نواز شریف اور ان کے بیٹوں حسن اور حسین کے خلاف دبئی میں گلف سٹیل ملز کے قیام، لندن میں ایون فیلڈ پراپرٹی اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے ریفرنس شامل ہیں جبکہ ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد محمد صفدر ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں ملزمان ہیں۔