وحید مراد کدھر ہے؟ چیف جسٹس
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد
سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ایک میں میمو کمیشن کیس کی سماعت جاری تھی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس سن رہا تھا ۔ چیف جسٹس نے بیرسٹر ظفر اللہ کو 6 فروری کے دن نوائے وقت میں چھپی ایک خبر کو پڑھنے کا کہا۔
’میمو گیٹ کیس دوبارہ کھولنا سیاسی تماشا، بابا رحمتے کے کہنے پر پاکستان نہیں آؤں گا، حسین حقانی‘‘۔
بیرسٹر ظفر اللہ نے یہ سرخی پڑھی ۔ چند لمحات بعد چیف جسٹس نے اپنے بائیں جانب دیکھتے ہوئے کہا وحید مراد کدھر ہے؟ کیا یہ پاکستان 24 میں ہوتا ہے، وحید مراد کو بلائیں، ناصر اقبال (روزنامہ ڈان) کل جو اُس نے خبر چلائی ہے، صحافیوں کے کمرے میں بیٹھ کر پڑھیں اور بتائیں کیا اس نے ٹھیک کیا ہے، ہم کیا اقدامات کر رہے ہیں اور آگے سے کیا ہو رہا ہے۔
اس حوالے سے جب اے وحید مراد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے علم نہیں کس خبر میں غلطی ہوئی ہے، ناصر اقبال نے بھی اس بارے میں ابھی تک رابطہ نہیں کیا اگر کسی نے نشاندہی کی تو اپنا مؤقف پیش کروں گا_
رپورٹ : جہانزیب عباسی