پاکستان پاکستان24

مطیع اللہ جان توہین عدالت کیس میں حاضر

فروری 12, 2018 2 min

مطیع اللہ جان توہین عدالت کیس میں حاضر

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مطیع اللہ جان و دیگر کے خلاف توہین عدالت کے نوٹس کی سماعت کی۔ جسٹس شوکت صدیقی نے پوچھا کہ وقت ٹی وی کی مالک رمیزہ نظامی کہاں ہیں؟۔ وکیل نے بتایا کہ ناسازی طبیعت کے باعث حاضر نہیں ہو سکیں، لاہور میں ہیں۔ پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق جسٹس شوکت صدیقی نے کہاکہ وہ چینل کی مالک ہیں، ان کو آنا ہوگا، چاہے چینل کے مالک ہوں یا اخبارات کے، کوئی عدالت سے بالاترنہیں۔
وکیل نے عدالت سے حاضری سے استثنا اور مہلت کی استدعا کی تو جسٹس شوکت صدیقی نے کہاکہ ان کو بتادیں کہ پیش ہوں، نہیں تو گرفتار کے وارنٹ بھی جاری کیے جاسکتے ہیں، یہ توہین عدالت کا معاملہ ہے، سادہ سی بات ہے کہ ان کو ہرصورت حاضر ہونا ہے، یہ فوجداری کیس ہے، جب تک حاضر نہ ہوں استثنا نہیں دیا جا سکتا۔ وکیل نے کہاکہ ان کا طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دیے کہ لاہورمیں آلودگی زیادہ ہے، اسلام آباد میں بارش ہے یہاں ان کی طبیعت ٹھیک ہوجائے گی۔
پاکستان 24کے نامہ نگار کے مطابق جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ آپ (رمیزہ) پر اللہ کا کرم ہو گیا ہے، چھپر پھاڑ کے دیتاہے تو سنبھالیں، بڑے ایمپائر کے خواب نہ دیکھیں، جتنا ہے اس حدتک ہی رہیں۔ یہ حمید نظامی اور مجید نظامی کا ادارہ ہے، اپنے ناظرین اور قارئین (ویوور شپ اینڈ ریڈرشپ) کھو رہے ہیں۔ مطیع اللہ جان کے چار سال قبل سفید بال تھے اور آج کالے ہیں مگر خبر کی تصحیح و تصدیق اتنے عرصے میں نہ کی کہ جسٹس شوکت صدیقی نے یہ حکم دیا تھا یا نہیں۔ وکیل نے کہاکہ پروگرام میں بار ایسوسی ایشن کے صدر بیٹھے تھے انہوں نے وضاحت کردی تھی۔
عدالت نے سماعت جمعہ کے روز تک ملتو ی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وقت ٹی وی کی مالک رمیزہ نظامی پیش ہوں بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی جس میں گرفتاری کے وارنٹ کا اجرا بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ پانچ فروری کو مطیع اللہ جان کے وقت ٹی وی پروگرام ’اپنا اپنا گریبان‘ میں وکیلوں کی جانب سے اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری کے ساتھ جڑے فٹ بال گراﺅنڈ پر قبضے کے پر لیے گئے ازخودنوٹس کے بارے میں بحث کی گئی تھی۔ پروگرام میں چاربرس پرانا ایک کلپ نشر کیا گیا جس میں ایک وکیل نے الزام لگایا تھا کہ گراﺅنڈ پر قبضے کیلئے آرڈر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے دیا ۔ اس پروگرام کے نشر ہونے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی نے مطیع اللہ جان اور وقت ٹی وی کی انتظامیہ کو توہین عدالت کانوٹس جاری کیا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے