شہباز کی تصویر پر ازخود نوٹس
Reading Time: < 1 minuteچیف جسٹس ثاقب نثار نے پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم پر شہبازشریف کی تصویر کا ازخود نوٹس لے لیا ہے _ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ پیسہ قوم کا ہے تصویر شہباز شریف کی کیوں لگائی جاتی ہیں؟
لاہور میں مقدمات کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے لیپ ٹاپ اور ہیلتھ کارڈز اسکیم پر وزیراعلیٰ پنجاب کی تصاویر شائع کرنے کا از خود نوٹس لیا، چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری پنجاب سے استفسار کیا کہ پیسہ قوم کا اور تصویریں وزیراعلیٰ کی کیوں لگائی جارہی ہیں؟ اس پر چیف سیکریٹری نے بتایا کہ لیپ ٹاپ اسکیم اور ہیلتھ کارڈ وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوش ہے۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ لیپ ٹاپ اسکیم پر کتنے اخراجات آئے ہیں، سیاسی جماعت اپنے پیسے سے تشہیر کرے، عوام کے ٹیکس سے نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی تصویر ہر جگہ کیوں آجاتی ہے، پہلے لوگ چھپ کر خدمت کرتے تھے، اب عوامی پیسوں سے تشہیر کرتے ہیں۔
چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری سے کہا کہ وزیراعلٰی شہبازشریف سے تصاویر چھاپنے پر وضاحت لے کر رپورٹ جمع کرائیں، عدالت جائزہ لے گی ۔