چیف جسٹس اور سعد رفیق میں مکالمہ
Reading Time: < 1 minuteلاہور میں چیف جسٹس ثاقب نثار اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق میں مکالمہ ہوا ہے _ سپریم کورٹ نے سعد رفیق کو طلب کر رکھا تھا _
لاہور رجسٹری سپریم کورٹ میں ایل ڈی اے اور پیراگون سٹی از خود نوٹس کی سماعت ہوئی ہے، خواجہ سعد رفیق عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ میرا پیراگون سٹی سے کوئی تعلق نہیں، خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ پیرا گون سٹی کے شئیر ہولڈر میرے ووٹرز اور سپورٹرز ہیں _
چیف جسٹس نے کہا کہ سارا شہر کہتا ہے کہ پیرا گون آپ کا ہے، اور آپ کہتے ہیں کہ کوئی تعلق نہیں، سیاسی تقریر نہیں سیدھی بات کریں _ سعد رفیق نے کہا کہ کان پک چکے ہیں یہ الزامات سن سن کر _ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم سیاست دان الزامات کی زد میں ہوتے ہیں _ عدالت نے خواجہ سعد رفیق سے بیان حلفی طلب کر لیا _
بعد ازاں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین، چار ماہ سے میرا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، میڈیا ٹرائل کا مقصد آنے والے انتخابات میں میری ساکھ کو خراب کرنا ہے، میرا کسی بھی ہاؤسنگ سکیم سے کوئی تعلق نہیں _ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پیر تک جواب جمع کرا دوں گا _