کالم

فیصلے کی گھڑی

مئی 1, 2018 3 min

فیصلے کی گھڑی

Reading Time: 3 minutes

کرم الہی _ پشاور

طوفان سے پہلےکی خاموشی مہیب ہوتی ہے—جب خاموشی دم توڑنے لگتی ہےتو ہیبت بدحواسی میں بدل جاتی ہے— پھرخوف اور دھشت کی قیامت برپا ہوجاتی ہے—پچھلے کئی سالوں سے ہم خیبرپختونخوا اور فاٹا کے لوگ ان تینوں کیفیات سے گذرتے چلےآرہے ہیں— گھر گھر، شہر شہر، چوک چوباروں ، مساجد مزاروں ، سکولوں یونیورسٹیوں ، اور چھوٹی بڑی ہستیوں —سب پربدحواسی، دھشت اور قیامت صغری کے عذاب نازل ہوتے رہے ہیں—صبرآزما، اعصاب شکن اورجان لیوحادثات اور غم و اندوہ نےپختونوں، اور بالخصوص نوجوان نسل، میں شدید ردعمل کے جذبات کوفروغ دیا ہے —بڑھتی ہوئی آبادی، مہنگائی، لاقانونیت، اورلاقانونیت نے ان جذبات کو مزید توانائی دی ہے—پی ٹی ایم ان جذبات اور اس سے ظہور پذیر ہونے والی فرسٹریشن کی عکاسی کرتی ہے—

پہلے پشاور، پھر لاہور اور اب سوات میں جس طرح کے جذبات کا اظہار ہوا ہے—جس اندازمیں بچوں او بچیوں کی آہ و زاری اور گریہ وفریاد سے ماحول کو ایکسپلوسیوبنایا گیا—فرط جذبات میں جس قسم کے زہریلے اور نفرت انگیزنعرے بلند ہوۓ ہیں— ان سے مجھ سمیت بہت سے ایسے لوگوں کو تکلیف پہنچی ہے جو پاکستان اور پختونوں سےمحبت کرتے ہیں —

الزام لگانے والے کہہ سکتے ہیں کہ منظور پاکستان مخالف قوتوں کا منظورنظر ہے—اسےایک ایسے وقت میں لانچ کیا گیا ہے:

جب پاکستان کے اندر دھشت گردوں کا قلع قمع کیا گیا ہے—

جب منظور کے بہت سارے مطالبات پر پہلے ہی ریاستی اداروں نے عمل کیا ہے یا کررہے ہیں —

جب امریکہ اور ہندوستان پاکستان کو کمزور کرنے کے لیۓ بلوچ اورپختون نوجوانوں کو ایکسپلائیٹ کرنے کے درپے ہیں—

جب خطے میں رواں جنگ و جدل کے پیچھے عالمی اور علاقائی قوتیں پوری طرح ملوث ہیں جس میں ریاست پاکستان کےداخلی مشکلات میں اضافہ دشمن ہی کے مفاد میں ہے—

لیکن سب حقائق اور مفروضوں کے علی الرغم چند سوالات ایسے ضرور ہیں جن پر پختون نوجوانوں کو مطمئن کرنا اشد ضروری ہے—اس سے پہلے کہ مزید تاخیر ہوجائے اور ناقابل تلافی نقصان کا سبب بن جائے، ریاست کے متعلقہ اداروں کو ان سوالات کا تسلی بخش جواب دینا چاہیے _

مثلا” دھشت گردوں کے خلاف جنگ میں غائب ہونے والے لوگ کہاں ہیں؟— اگر یہ لوگ ریاست کی قید میں نہیں تو کئی سال گذرنے کے باجود یہ کہاں ہیں؟ —اگر ریاست کے پاس قید ہیں تو ان کوآئین پاکستان کےآرٹیکل 10کے تحت عدالتوں میں کیوں نہیں پیش کیا جاتا؟

اگر ریاست کا دعوی ہے کہ یہ لوگ اس کی کسٹڈی میں نہیں تو علی الاعلان یہ بات مشتہر کیوں نہیں کرتی ؟ کیا رشتہ داروں کی آہ و فریاد اتنی بھی قابل اعتناء نہیں کہ ایک جوڈیشل کمیشن بناکر ان کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے؟—کیا جو مطالبات پی ٹیم ایم پیش کررہی ہے، وہ آئین اور قانون کے اندر ہیں یا ان سے متصادم؟ —اگر آئین اور قانون کے اندر ہیں تو پھر ان پر اب تک کیا ضروری کارروائی ہوئی ہےیا مزید ہونےجارہی ہے؟

اور ہاں ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کے لیۓ سرگرداں چیف جسٹس صاحب ان فریادی بچوں ، بچیوں، ماوں اور بیویوں کی فریاد پر سووموٹو ایکشن نہیں لے سکتا؟—کیا پچھلے سترہ آٹھارہ سالوں سے ملک اور قوم کو دھشت گردی کی بھینٹ چڑھانے والوں کا احتساب نہیں ہونا چاہیے؟—ان لوگوں کے خلاف کیا قانونی کارروائی ہوئی جو کل تک ریاست پاکستان اوراہلیان پاکستان کے خلاف برسرپیکار تھے لیکن آج ریاستی اداروں کے تحویل میں ہیں؟—

یہ معاملہ اب غیر ضروری حد تک طول پکڑ گیا ہے— بہت سے کوتاہ نظر افواج پاکستان ، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے آنکھیں چرا کراحسان فراموشی کررہے ہیں— ہم محسوس کر رہے ہیں کہ بہت سےپاکستان دشمن عناصرپی ٹی ایم سے امیدیں لگاۓ بیٹھے ہیں —کچھ قوم پرستوں کی یہ بھی خواہش ہوگی کہ اس تحریک کی آڑمیں پختونوں کے اندر ریاست پاکستان کے خلاف نفرت اور براءت کو ہوا دی جائے — لیکن ایسے تیرہ نصیب لوگوں کو شائد معلوم نہیں کہ گلے شکوے اور سوالات و اشکالات رکھنے کے باوجود پختون اسلامی جمہوریہ پاکستان کےدفاع اور سلامتی کے لیۓ کسی بھی حد تک جانے کے لیے  تیار ہیں—کرم ایجنسی کا حالیہ واقعہ پاکستان کی مٹی سے پختونوں کی غیر معمولی محبت کی ایک معمولی علامت ہے— پاکستان کی سلامتی ہمیں اسلام کے بعد سب سے زیادہ عزیز ہے — اپنی جان سے بھی بڑھ کر عزیز  _

اس بحث سے قطع نظرکہ منظور پشتین دشمن کا آلہ کار ہے یا مظلوموں کی داد رسی کے لیے اٹھنی والی ایک بے لوث آواز، مسلے کا حل الزامات اور کاونٹر پروپیگنڈا نہیں، بلکہ ان سوالات کے جواب اور ان مسائل کے حل پر موقوف ہے جوایک عرصے سے ہر پختون بچے، بوڑھے، جوان، مرد وعورت کے ذہن میں گردش کر رہے ہیں _ اگرچہ وقت تیزی سے نکلتا جارہا ہے، اب بھی عمل کا وقت موجود ہے _ فریادی لوگوں کی داد رسی کا وقت— غمزردہ خاندانوں کی اشک شوئی کا وقت — دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے — پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے — یہی فیصلے کی گھڑی ہے!

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے