مارگلہ ہلز تحفظ کیلئے کمیٹی تشکیل
Reading Time: 2 minutesسپریم کورٹ نے اسلام آباد کے مارگلہ پہاڑوں کے تحفظ کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے، وفاقی محتسب پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی کریں گے، دو ہفتوں میں اپنی سفارشات پر مشتمل رپورٹ پیش کریں گے ۔
عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے مارگلہ پہاڑوں پر آتشزدگی ازخود نوٹس کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ تین دن تک جنگلات میں آگ لگی رہی، کیا سی ڈی اے کے پاس مارگلہ ہلز میں آگ بجھانے کے آلات نہیں تھے؟ پاکستان ٹونٹی فور کے مطابق سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ یہ بات درست ہے ہمارے پاس آگ بجھانے کے آلات نہیں ہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ انکوائری کروائیں مارگلہ ہلز پر آگ کیسے لگی، آگ بجھانے کے آلات نہیں تو خرید لیں ۔ حکام نے بتایا کہ آلات خریدنے کے لیے فنڈز مختص ہونے ہیں، فنڈز مختص ہونے کے بعد آلات خرید لیں گے ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ نے 40ارب لگا کر بلاکوٹ میں صرف ایک سڑک بنائی ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق حکام نے بتایا کہ جولائی کے تیسرے ہفتے میں آلات خریدنے کے لیے فنڈز مل جائیں گے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں نہ مارگلہ ہلز کے تحفظ کے لیے کمیشن تشکیل دیدیں، کمیشن تیز رفتاری سے کام کرے اور رپورٹ پیش کرے، چیف جسٹس نے کہا کہ کمیشن 15 روز میں اپنی تجاویز عدالت کو پیش کرے ۔
عدالت عظمی نے وفاقی محتسب کی سربراہی میں مارگلہ ہلز کے تحفظ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دیدی ۔ کمیٹی کے ممبران میں درخوست گزار روداد خان، ڈپٹی اٹارنی جنرل شامل ہوں گے، کمیٹی میں سی ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن کے نمائندے بھی شامل ہونگے، کمیٹی مارگلہ ہلز تحفظ کے حوالے سے اپنی رپورٹ دے گی۔
مارگلہ ہلز آتشزدگی کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔