چودھری نثار کی خلاف ورزیاں
Reading Time: 2 minutesڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عمر جہانگیر نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سابق وزیر داخلہ چوھدری نثار علی خان کوتنبیہ اور میئر راولپنڈی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے ۔ میئر راولپنڈی کو 48گھنٹوں میں شوکاز نوٹس کا جواب داخل کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عمر جہانگیر نے چوھدری نثار کو نوٹس جاری کیا،چوہدری نثارعلی خان کو چکری روڈ پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں تحریری اجازت کے بغیر جلسہ منعقد کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کو جاری نوٹس کے مطابق چوہدری نثارالیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دفعہ 41کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے،ضابطہ اخلاق کی دفعہ41 کے تحت کسی بھی امیدوار کو انتخابی جلسہ منعقد کرنے سے تین دن قبل ضلعی انتظامیہ سے تحریری اجازت لینا ہوتی ہے،ضلعی مانیٹرنگ آفیسرنے ن لیگی امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے پر میئرراولپنڈی سردار نسیم کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 48گھنٹے میں تحریری جواب بھی طلب کرلیا ہے جبکہ مقررہ وقت میں جواب داخل نہ کرانے پر یکطرفہ کارروائی کرنے کا بھی کہا گیا ہے،ضلعی مانیٹرنگ آفیسر نے ن لیگی امیدوار حنیف عباسی اور راجہ حنیف کی انتخابی مہم چلانے پر یو سی 21 کے چیئرمین،وائس چیئرمین کو نوٹس جبکہ چوہدری نثار کی انتخابی مہم چلانے پر یونین کونسل 84 کے چیئرمین کو اظہار وجوہ کانوٹس بھی جاری کیا ہے ۔