طلال چودھری توہین عدالت کیس
Reading Time: < 1 minuteسپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں طلال چودھری کی جانب سے گواہ پیش نہ کئے جانے پر مقدمے میں حتمی دلائل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ مقدمے کو مزید طوالت نہیں دی جا سکتی، گواہ نہ لانے پر اب حتمی دلائل سنیں گے ۔
عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے توہین عدالت کے از خود نوٹس کی سماعت کی تو طلال چودھری کے وکیل کامران مرتضی نے استدعا کی کہ مقدمے کو الیکشن کے بعد تک ملتوی کیا جائے کیونکہ ہمارے گواہ انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور عدالت میں حاضر نہیں ہوسکے ۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ہم پہلے ہی یہ استدعا نامنظور کر چکے ہیں، آج گواہ پیش کرنے کی آخری مہلت تھی، آپ سنجیدہ نہیں اس لئے اب صرف حتمی دلائل سنیں گے ۔
عدالت نے استغاثہ اور دفاع کے وکیل کو تیاری کرکے گیارہ جولائی کو دلائل دینے کی ہدایت کی ۔ عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر کارروائی کو مکمل کیا جائے گا۔