افغانستان میں طالبان کے حملے جاری
Reading Time: < 1 minuteافغانستان میں طالبان اور فوج کے مابین گھمسان کی جنگ جاری ہے ۔ حکام کے مطابق جنوبی صوبے کے غزنی شہر میں طالبان نے حملہ کیا ہے جس کے بعد جنگجوؤں اور افغان سکیورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپیں جاری ہیں ۔ دونوں جانب سے بڑی تعداد میں ایک دوسرے کو جانی نقصان پہنچانے کے دعوے سامنے آ رہے ہیں ۔
بی بی سی کے مطابق غزنی صوبے کے ترجمان محمد عارف نوری نے بتایا ہے کہ طالبان نے جمعرات کی شب غزنی میں چاروں جانب سے حملے کیے، یہ حملے جمعرات کو رات دیر گئے کیے اور طالبان جنگجو شہر کے مضافات میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ ترجمان نے بتایا کہ غزنی میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان لڑائی ابھی تک جاری ہے اور حکومتی افواج نے طالبان کو شہر کے مرکز سے پچھے دھکیلنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
حکومتی اہلکار کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک گولیاں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں جبکہ غزنی کے رہائشیوں نے بھی دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دینے کی تصدیق کی ہے ۔ دوسری جانب طالبان نے غزنی میں کیے گئے حملے کے بارے میں تفصیلات فراہم کی ہیں اور اپنے بیان میں انہوں نے اس حملے میں متعدد افغان فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔