وہ ایک تھپڑ
Reading Time: < 1 minuteکراچی میں ایک مرکزی شاہراہ پر تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ کے تھپڑ سے پورا ملک گونج رہا ہے ۔ معافی مانگنے کے بعد بھی سوشل میڈیا پر اسی تھپڑ کے چرچے ہیں ۔ انصافی کارکن اور ہمدرد چوبیس گھنٹے کے بعد بھی صفائی دے رہے ہیں یا معافی کو بہت بڑا اقدام قرار دے رہے ہیں ۔
عمران علی شاہ نے سوشل میڈیا اور انصافی نوٹس کے دباؤ کی وجہ سے پہلے ایک وضاحتی ویڈیو جاری کی اور بعد ازاں متاثرہ شہری کے گھر جا کر معافی مانگی ۔ اس کی ویڈیو بنا کر تحریک انصاف نے ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر جاری کی ۔ اس معافی تلافی کی تصاویر اور ویڈیو دیکھ کر کئی صارفین نے سوشل میڈیا پر تبصرے کئے ہیں کہ یہ معافی مانگی نہیں گئی بلکہ حاصل کی گئی ہے ۔
تھپڑ کھا کر معاف کرنے والے نے پرانے اور نئے پاکستان کے چہرے پر اس وقت زناٹے دار تمانچہ رسید کیا جب ایک رپورٹر نے سوال کیا کہ کیا آپ نے خود سے معاف کیا تو اس نے جواب میں کہا کہ ‘اگر میں ایف آئی آر درج کرا دوں تو پاکستان کی کون سی قوت ہے جو ان کو سزا دلائے گی؟ ۔’