امریکا کا نئے پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ
Reading Time: < 1 minuteامریکی سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو فون کیا ہے اور ان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے ۔
امریکا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ مائیکل پومپیو نے نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ نتیجہ خیز باہمی تعلقات کیلئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ پاکستان کا افغانستان میں امن عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ہے اور اس بات کی اہمیت ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین سے کام کرنے والے تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے ۔
دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حقائق کے برعکس بیان جاری کیا ہے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان فون کال پر دہشت گردوں کی موجودگی اور کارروائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اس لئے بیان میں غلطی کو فوری درست کیا جائے ۔
