کوہستان: غیرت کے نام پر چار قتل
Reading Time: < 1 minuteعظمت گل/ نمائندہ خصوصی پشاور
کوہستان میں غیرت کے نام پر دو لڑکیوں سمیت 4 افراد قتل کر دیے گئے ۔ آئی جی نے نوٹس لے لیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں غیرت کے نام پر دو لڑکیوں اوردو لڑکوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ لوٹر کے علاقے چیچنگ داسو میں پیش آیاہے اور چاروں مقتول آپس میں کزنز تھے۔
پولیس نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کےلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ آئی جی صلاح الدین محسود نے واقعہ کا نوٹس لیا ہے ۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی اس علاقے سے دور جہالت کے طرز کے قتل کی خبریں آتی رہی ہیں ۔ قبل ازیں ضلع کوہستان کے رہائشی نوجوان نے 2012 میں میڈیا پر آ کر الزام عائد کیا تھا کہ اس کے 2 چھوٹے بھائیوں نے شادی کی ایک تقریب کے دوران رقص کیا جس پر وہاں موجود خواتین نے تالیاں بجائیں۔تقریب کے دوران موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو بعد میں مقامی افراد کے ہاتھ لگ گئی، جس پر ایک مقامی جرگے نے ویڈیو میں نظر آنے والی پانچوں لڑکیوں کے قتل کا حکم جاری کیا جبکہ بعد ازاں ان لڑکیوں کے قتل کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے واقعہ کا ازخود نوٹس لے لیا تھا۔
پولیس نے عدالتی احکامات پر کارروائی کرتے ہوئے عمر خان، سفیر اور سرفراز سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا جو اس وقت جیل میں ہیں۔